اسلام آباد: سی ڈی اے کا مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کرنے کا حکم

IMG 20261128 WA2220


اسلام آباد:بیورو رپورٹ محمد سلیم سے

: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق اس رہائش گاہ کے مالک امان اللہ کے نام پر رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے 27 نومبر کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق حکومتی اداروں نے اطلاع دی کہ مکان کے رجسٹرڈ مالک امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں، جبکہ ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہو چکا ہے۔ اس بنیاد پر اتھارٹی نے ان کے حق میں کی گئی پراپرٹی ٹرانسفر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ امان اللہ کو 26 نومبر کو سی ڈی اے میں پیش ہونے اور اپنا مؤقف واضح کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ اس کے بعد سی ڈی اے نے پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرتے ہوئے عمارت اور ہاؤسنگ کنٹرول شعبے کو رہائش گاہ سیل کرنے کی ہدایت دی۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ 1,200 مربع گز کی رہائش گاہ اسلام آباد کے سیکٹر جی-6/4 میں واقع ہے۔ سی ڈی اے نے ضرورت پڑنے پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے معاونت طلب کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔

متعلقہ پوسٹ