یمن کے ساحل کے قریب کارگو جہاز اغوا، مسلح افراد نے کنٹرول سنبھال لیا

somalia yemen pirates highjeck two ship 22 indian1787318240 0


یمن کے ساحل کے قریب مسلح افراد نے ایک کارگو جہاز پر قبضہ کرلیا جس کے بعد برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا، جب مسلح غیر مجاز افراد نے یمن کے ساحلی علاقے میں ایک کارگو جہاز پر سوار ہوکر اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔

ایجنسی کو جہاز کے کپتان کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ مسلح افراد نے صبح 6 بج کر 30 منٹ (عالمی وقت) پر جہاز پر قبضہ کرلیا ہے۔

یو کے ایم ٹی او کے مطابق واقعہ یمن کی بندرگاہ بلحاف سے تقریباً 64 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں پیش آیا جبکہ واقعے کا مقام 12 ڈگری 55 منٹ شمالی اور 48 ڈگری 04 منٹ مشرقی طول بلد پر بتایا گیا۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایجنسی نے خلیج عدن کے اس علاقے سے گزرنے والے دیگر بحری جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں اغوا کیے گئے کارگو جہاز کا نام، اس کا پرچم، مسلح افراد کی تعداد اور عملے کی صورتحال سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

دریں اثنا، واقعے کی ذمہ داری بھی فوری طور پر کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ