مولانا فضل الرحمان خیریت سے ہیں، ترجمان کو مولانا کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ

molana fazal rehman1788631787 0



جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے ترجمان نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مولانا نے مسلسل سفر اور تھکن کے باعث طبیعت میں خرابی محسوس کی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم رہائش گاہ سے اسپتال منتقلی اور واپسی تک تمام ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام پاکستان اسلم غوری نے جےیوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کی صحت الحمدللہ بہتر ہے، تمام طبی رپورٹس تسلی بخش اور کلیئر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کئی روز کے مسلسل سفر اور تھکن کے باعث طبیعت میں خرابی محسوس کی، نظر بند ہونے کی بنا پر ملتان انتظامیہ نے انہیں اسپتال شفٹ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ موجودہ حالات کے باعث مولانا فضل الرحمان لاہور سے لاڑکانہ بذریعہ سڑک سفر کر رہے تھے، دوران سفر رحیم یار خان کے مقام پر پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو روکا اور ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر محدود کر دیا۔

اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی صحت سے متعلق غیر ضروری تشویش پھیلانے سے گریز کیا جائے، صحت سے متعلق خبروں کی غیرمحتاط اور غیر ذمہ دارانہ تشہیر سے کارکنوں اور عوام میں تشویش پیدا ہوئی۔

جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان سے مولانا فضل الرحمان کی صحت و سلامتی  کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طبی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا کسی بھی طور مناسب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ مولانا فضل الرحمان خیریت سے ہیں، کارکنان کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں، سیکریٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام پنجاب حافظ نصیر احرار اور طارق بلوچ و دیگر جماعتی ذمہ داران مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ ہیں۔

اسلم غوری نے کہا کہ رہائش گاہ سے اسپتال منتقلی اور رہائش گاہ واپسی تک  تمام ذمہ داران ہمراہ  تھے لہٰذا کسی قسم کی تشویش نہیں ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ