11 محنت کشوں کا بہیمانہ قتل، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

صدر وزیر اعظم 1.webp


11 محنت کشوں کا بہیمانہ قتل، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے چمالنگ میں 11 مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، مزدوروں کو اغوا کرکے قتل کرنا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے، دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزا دلانا ہوگی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چمالنگ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور انسانیت سوز فعل ہے، معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعظم نے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی، انہوں نے متعلقہ حکام کو واقعے میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ