اسلام آباد — وفاقی وزیر برائے اطلاعات و ٹیلی کمیونیکیشن شازہ فاطمہ خواجہ نے جی ایس ایم اے کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں ایشیا پیسیفک کے سربراہ جولیان گورمن، ہیڈ آف پبلک پالیسی جینیٹ وائٹ اور پاکستان کنٹری لیڈ سائرہ فیصل شامل تھیں۔ ملاقات میں مستقبل میں تعاون، اسپیكٹرم اصلاحات اور ڈیجیٹل اصلاحات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیر نے جی ایس ایم اے کے حالیہ ایونٹ میں شرکت نہ کرنے پر معذرت کرتے ہوئے تقریب کی کامیابی پر وفد کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ ایونٹ مزید شاندار اور مؤثر ہوگا۔ جولیان گورمن نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے کیلئے اہم اقدامات پر بات ہوئی اور جی ایس ایم اے اس سفر میں مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔
شازہ فاطمہ نے بتایا کہ وزیرِاعظم اسپیكٹرم پالیسی کے چیلنجز اور مواقع میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور حکومت مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ انفراسٹرکچر قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ دونوں فریقین نے طویل المدتی شراکت داری اور پالیسی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ آئی سی ٹی سیکٹر میں جدت، سرمایہ کاری اور شمولیتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔