عمران خان کی صحت بہتر، لیکن مکمل تنہائی میں رکھ دیا گیا: وکیل علی بخاری
سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے تاہم انہیں گزشتہ چار ہفتوں سے ٹی وی، اخبارات اور کتابوں سے محروم کر کے مکمل طور پر تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ یہ بات ان کے وکیل علی بخاری نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد بتائی۔
وکیل کے مطابق عمران خان تک باہر کی کوئی بھی معلومات نہیں پہنچ رہیں اور انہیں مکمل طور پر آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی تصدیق کی کہ ان کے بھائی کو اخبارات، ٹی وی اور کتابوں تک رسائی نہیں دی جا رہی۔
علی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو پیغام دیا ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں، "تاریک رات جتنی بھی لمبی ہو، صبح ضرور طلوع ہوتی ہے۔ انشاءاللہ انصاف کا سورج بھی جلد طلوع ہوگا۔”
عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے، چاہے وہ حکومت کی سطح پر ہو یا ذاتی حیثیت میں۔
سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عمران خان نے واضح ہدایت دی ہے کہ ان کی جماعت ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو عالمی عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت دی تھی، اور آج انہوں نے وکیل سے اس معاملے کی پیش رفت کے بارے میں پوچھا۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ عمران خان کی بہنیں آج بھی ان سے ملاقات نہ کر سکیں۔ رات گئے جیل کے اس حصے کی لائٹس بند کر دی گئیں جہاں عمران خان کی بہنیں موجود تھیں
