وزیرِاعظم شہباز شریف سے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر کی ملاقات، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسیسکو اریزو نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال اور وزیرِاعظم کی انسدادِ پولیو کے لیے خصوصی نمائندہ عائشہ رضا فاروق بھی موجود تھیں۔
وزیرِاعظم نے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اس مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے پاکستان اور روٹری انٹرنیشنل کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو سے پاک دنیا کے ہدف میں عالمی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ ہے۔
روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسیسکو اریزو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی تنظیم پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسدادِ پولیو مہمات میں والدین اور مقامی کمیونٹی کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
انسدادِ پولیو کی خصوصی نمائندہ عائشہ رضا فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیمیں ملک بھر میں سرگرم ہیں اور مشکل ترین علاقوں تک رسائی کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے