کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب 68 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر معمولی تبدیلی کے ساتھ مستحکم رہے۔ اس وقت اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر بیرونی ادائیگیوں اور درآمدی ضروریات کے لیے خاطر خواہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق ذخائر میں اس اضافے کی بڑی وجہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں نرمی، ترسیلاتِ زر میں بہتری اور حالیہ مالی معاونت ہے جس سے زرِمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو رہے ہیں۔ معاشی تجزیہ کاروں نے اسے ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ذخائر میں مزید بہتری آنے سے کرنسی مارکیٹ پر بھی دباؤ کم ہو گا۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں تسلسل کے ساتھ بہتری جاری رہی تو رواں مالی سال میں زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتے ہیں۔
