واشنگٹن (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کو واشنگٹن، ڈی سی میں شاندار ریڈ کارپٹ استقبال دیا گیا۔ وہ اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ امریکا کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جہاں ان کی ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ سے طے ہے۔ ائیرپورٹ پر امریکی حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے عملے نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ امریکا کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر بات چیت کرنا ہے۔ اس دوران معاشی تعاون، تجارتی تعلقات اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات کی جائے گی۔
سفارتی مبصرین کے مطابق وزیراعظم کو دیے گئے پرتپاک استقبال سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاک امریکا تعلقات میں نئی راہیں کھولنے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔