پاکستان میں غیر ملکی امداد کی آمد تقریباً دگنی، آئی ایم ایف پروگرام کا اہم کردار

Screenshot 20250926 131916



اسلام آباد (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی) رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ (جولائی اور اگست) میں پاکستان کو ملنے والی غیر ملکی امداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارتِ اقتصادی امور کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر ایک ارب 37 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے قرضے اور گرانٹس موصول ہوئے جو گزشتہ سال کے 71 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 93 فیصد زیادہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اگست میں غیر ملکی امداد 68 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اسی ماہ میں ملنے والی 27 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 152 فیصد زائد ہے۔ جولائی میں بھی پاکستان کو 69 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے قرضے اور گرانٹس موصول ہوئے جو پچھلے سال کے 44 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہیں۔ حکام کے مطابق اس دوران تقریباً ایک ارب 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرضوں اور 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر گرانٹس کی صورت میں موصول ہوئے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تسلسل نے پاکستان کے لیے عالمی سطح پر مالی وسائل تک رسائی کو آسان بنایا ہے، جس سے حکومت کو نئے مالی سال کا آغاز پچھلے برس کے مقابلے میں بہتر انداز میں کرنے میں مدد ملی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران غیر ملکی امداد کا مجموعی ہدف 19 ارب 90 کروڑ ڈالر رکھا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے ہدف 19 ارب 40 کروڑ ڈالر سے کچھ زیادہ ہے

متعلقہ پوسٹ