پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے اسلام آباد میں بولی کا عمل جاری ہے، جس کے دوران ایف کے ایس نامی بزنس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم خرید لی۔ نئی ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ نیلامی کی تقریب میں مجموعی طور پر نو بزنس گروپس نے شرکت کی۔ ساتویں ٹیم کے لیے بولی کا آغاز 110 کروڑ روپے سے ہوا جو مرحلہ وار بڑھتے ہوئے 175 کروڑ روپے تک جا پہنچی، جہاں ایف کے ایس گروپ نے سب سے زیادہ بولی دے کر ٹیم اپنے نام کر لی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کے لیے بولی کا عمل تاحال جاری ہے، جس میں مختلف گروپس کی دلچسپی برقرار ہے۔ پی سی بی کے مطابق نئی ٹیموں کی شمولیت سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور پی ایس ایل کو مالی اور انتظامی طور پر مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

