پنجاب میں 47 ارب روپے کا رمضان نگہبان پیکج منظور
42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے، نگہبان کارڈ اور دسترخوان قائم کرنے کا فیصلہ

FB IMG 1769435205259 1


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں مستحق اور نادار خاندانوں کے لیے 47 ارب روپے کے “رمضان نگہبان پیکج” کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے جبکہ نادار افراد کو نگہبان کارڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت رمضان المبارک سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں نادار طبقے کے لیے سی ایم راشن کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں رمضان پیکج کی شفاف اور بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں راشن کارڈ ہولڈرز کو رمضان میں 3 ہزار روپے کے بجائے 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر تحصیل میں 8 نگہبان دسترخوان قائم کیے جائیں گے، جہاں پورے رمضان المبارک کے دوران روزانہ 2 ہزار روزہ داروں کو افطاری فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ رمضان نگہبان پیکج کے تمام اقدامات شفاف، منظم اور مستحقین کی عزت نفس کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب خاندان رمضان المبارک میں ریلیف حاصل کر سکیں

متعلقہ پوسٹ