دبئی (اسپورٹس ڈیسک) دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس صدر اے سی سی اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اراکین نے ٹرافی نہ لینے اور ٹاس و میچ کے بعد ہاتھ نہ ملانے کے واقعات کو کھیل کے جذبے کے منافی قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ ایشیا کپ کامیابی سے مکمل ہوا اور ریکارڈ ویورشپ حاصل کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلا ایشیا کپ 2027 میں بنگلادیش میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ راجیوشکلا نے اجلاس کے دوران محسن نقوی سے ٹرافی کا مطالبہ کیا جس پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ یہ معاملہ اے سی سی میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل نہیں، اگر بھارتی ٹیم کو ٹرافی درکار ہے تو اس کا کپتان اے سی سی دفتر آ کر وصول کرے۔