کوئٹہ اور کیچ میں فورسز کے آپریشنز، فتنۃ الہندوستان کے 18 دہشت گرد ہلاک

FB IMG 1761812568232



راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پشت پناہی یافتہ دہشت گرد تنظیم فتنۃ الہندوستان کے خلاف دو الگ آپریشنز کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیاں کوئٹہ کے علاقے چلتن اور کیچ کے علاقے بلیدہ میں کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے قریب چلتن پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
بیان کے مطابق دوسری کارروائی بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کی گئی، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی، تخریب کاری اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے علاقے کو کلیئر کرکے سرچ آپریشن مکمل کرلیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے معاونین کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “پاک سرزمین پر انسانیت دشمن عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔”

متعلقہ پوسٹ