اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اہم ملاقات کی جس میں پاک۔برطانیہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ دونوں فریقین نے اس عمل کو مؤثر اور شفاف طریقے سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کے ایکسٹراڈیشن سے متعلق کاغذات بھی برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ چونکہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں، انہیں فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کے پاس بیرون ملک بیٹھ کر پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آزادی اظہارِ رائے پر یقین رکھتا ہے، تاہم فیک نیوز کسی بھی ملک کے لیے سنگین مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور اداروں کے خلاف بہتان تراشی اور ہرزہ سرائی کی اجازت کوئی مہذب ملک نہیں دے سکتا۔ وزیر داخلہ نے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واپسی کے لیے برطانوی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
وزارت داخلہ نے وزارتِ خارجہ کے ذریعے باقاعدہ ایکسٹراڈیشن پروسیس بھی شروع کر دیا ہے۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

