رسالپور: سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ آپریشن بنیانِ مرصوص میں پاکستان نے دشمن کو فیصلہ کن شکست دی اور 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹمز کو کامیابی سے نشانہ بنا کر اپنی بھرپور صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں حاصل ہونے والی کامیابی پاکستان ائیر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور جدید ترین فضائی حربی تیاریوں کی آئینہ دار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پاکستان کی خود مختاری کو چیلنج کیا گیا تو پاک فضائیہ نے بھرپور اور بروقت جواب دیتے ہوئے دشمن کے رافیل سمیت جدید ترین لڑاکا طیارے مار گرائے۔ ’’10 مئی کو ہم نے دشمن کے دفاعی نظام کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اور سائبر وار فیئر میں اپنی برتری ثابت کی۔‘‘
ائیر چیف کے مطابق پاکستان ائیر فورس دشمن کو اس سے بھی زیادہ نقصان پہنچانے کی اہلیت رکھتی تھی، تاہم ایک پروفیشنل فورس کے طور پر پاک فضائیہ کا ہر قدم سوچ سمجھ کر، متوازن اور امن کے حصول کے لیے اٹھایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کی کامیابی اور برتری کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، اس پر اسٹڈیز کی جا رہی ہیں اور اسے جدید فضائی جنگ کا اہم حوالہ قرار دیا جا رہا ہے۔‘‘
خطاب میں ائیر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کا ہر افسر اور جوان ملک و قوم کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے دوران قائدانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، لیکن اگر کسی نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ کر آزمانے کی کوشش کی تو ’’اسے منہ کی کھانی پڑے گی‘‘۔
ان کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور قوم کا اپنی افواج پر بھرپور اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

