سرزمین کا تحفظ اور قومی سالمیت اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

FB IMG 1764755377533



راولپنڈی — چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی بھی سطح پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگی ناگزیر ہے، اور پاک فوج ملکی اداروں کی معاونت جاری رکھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ–27 کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملکی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا یہ اہم تربیتی پروگرام ارکانِ پارلیمان، سینئر سول و عسکری افسران، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے تاکہ قومی سلامتی کے کلیدی امور پر جامع آگاہی دی جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خصوصی نشست کے دوران شرکاء نے آرمی چیف سے تبادلۂ خیال کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے کے بدلتے سیکیورٹی ماحول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قوم کا اتحاد پاکستان کی اصل قوت ہے، اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔
مزید کہا گیا کہ آرمی چیف کو دورے کے موقع پر داخلی و علاقائی سیکیورٹی اور مجموعی قومی سلامتی کے منظرنامے پر بھی مفصل بریفنگ دی گئی، جبکہ شرکاء نے فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے لیے خدمات کو سراہا۔

متعلقہ پوسٹ