اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی حکومت کی آزاد جموں و کشمیر مذاکراتی کمیٹی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے حالیہ حالات، عوامی مطالبات اور وفاق و ریاست کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات کے حل کے لیے پُرامن اور جامع مکالمے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے باہمی اعتماد، سیاسی ہم آہنگی اور مشترکہ کوششیں ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں۔
محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کشمیری عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ ناقابلِ تقسیم ہے اور حکومت ہر سطح پر کشمیری عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں رہے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، مالی تعاون اور عوامی مفاد کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم کو اپنے مذاکراتی عمل کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف کشمیری عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولنا ہے۔