اورکزئی ( وائس آف جرمنی) ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران ایک لیفٹیننٹ کرنل، ایک میجر سمیت 11 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی میں 19 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
بیان میں شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور درجات کی بلندی کے ساتھ پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی بھی نیک خواہشات ظاہر کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق، سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، جن کی قربانیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔