اشک آباد میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور ترکمانستانی صدر کی ملاقات — دوطرفہ تعاون، تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق

FB IMG 1765474944420


بین الاقوامی فورم برائے امن و اعتماد کے موقع پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے ترکمانستان کو اقوام متحدہ کی جانب سے سال 2025 کو ’’سالِ امن و اعتماد‘‘ قرار دیے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے خطے میں استحکام اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کے 30 سال مکمل ہونے پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں ترکمانستان سمیت خطے کے لیے جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب تک مؤثر تجارتی رسائی فراہم کر سکتی ہیں۔
وزیرِاعظم نے رواں سال ایران سے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا میں ترکمانستان کی عملی مدد پر صدر بردی محمدوف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں خطے میں رابطہ کاری، توانائی تعاون، ٹرانسپورٹ اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
ترکمانستان کے صدر نے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، مواصلات اور تجارت جیسے شعبوں میں مشترکہ اہداف رکھتے ہیں۔ فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کے قومی رہنما قربان قلی بردی محمدوف کو 2026 میں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جسے ترکمانستانی قیادت نے سراہا۔
ملاقات کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی اور علاقائی تعاون کے نئے امکانات کھلنے کی توقع ہے

fb img 1765475154912228523514838327002
اشک آباد میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور ترکمانستانی صدر کی ملاقات — دوطرفہ تعاون، تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق 3

متعلقہ پوسٹ