اسلام آباد | 18 دسمبر 2025:( سلمہ ملک سے )
پاکستان میں سماجی بہبود اور انسانی فلاح کے فروغ کے لیے ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں ایک میگا ویلفیئر ایونٹ منعقد کیا گیا، جس میں فلاحی خدمات، عوامی معاونت اور سماجی ترقی کے مختلف منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ منتظمین نے شرکاء کو تنظیم کے فلاحی وژن اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا، جن میں تعلیم، صحت، یتامیٰ کی کفالت، بیواؤں کی معاونت اور قدرتی آفات کے دوران ہنگامی امدادی سرگرمیاں شامل ہیں

ایونٹ کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر مبنی ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں ملک کے مختلف حصوں میں جاری فلاحی منصوبوں اور مستحق طبقات کی عملی معاونت کو نمایاں کیا گیا۔ شرکاء نے ڈاکیومنٹری کو سماجی خدمت کے مؤثر ماڈل کے طور پر سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ فلاحی ادارے معاشروں میں عدم مساوات کم کرنے اور کمزور طبقات کو بااختیار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ خدمات کے ذریعے سماجی ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کریں، کیونکہ نوجوانوں کی شمولیت پائیدار سماجی تبدیلی کے لیے ناگزیر ہے۔
تقریب کے اختتام پر فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ منتظمین نے مستقبل میں فلاحی منصوبوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ پروگرام دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

