ایرانی ہیکرز گروپ کا اسرائیل کے سابق وزیرِاعظم کے موبائل فون کو ہیک کرنے کا دعویٰ

images 15

تل ابیب |
ایرانی ہیکرز گروپ “ہنڈالا” نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے سابق وزیرِاعظم نفتالی بینیٹ کے موبائل فون کو ہیک کر لیا ہے اور اس سے حاصل ہونے والا حساس ڈیٹا لیک کر دیا گیا ہے۔

ہیکرز کے مطابق لیک ہونے والے ڈیٹا میں 100 سے زائد فون رابطے، ذاتی تصاویر اور ویڈیوز، اور اہم دستاویزات شامل ہیں، جو مبینہ طور پر گروپ کی ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہیں۔ تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

ہیکرز کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق بینیٹ کے فون رابطوں میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کا نام بھی شامل ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ گروسی کے اسرائیل کے ساتھ قریبی روابط رہے ہیں اور یہ روابط اب بھی قائم ہیں۔

لیک کیے گئے ڈیٹا میں ایک اور نام پیگاہ ابراہیمی کا بھی سامنے آیا ہے، جنہیں ایرانی شہری قرار دیا جا رہا ہے۔ ہیکرز کا دعویٰ ہے کہ وہ 2022 سے 2023 کے دوران ایران میں ہونے والے ان مظاہروں اور فسادات میں شریک رہی تھیں، جنہیں ایران میں مغرب کی حمایت یافتہ تحریکیں قرار دیا جاتا رہا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق مشکل ہوتی ہے، تاہم واقعہ خطے میں جاری سائبر جنگ اور ڈیجیٹل محاذ آرائی کی ایک اور مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ