توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کب شروع ہوگی؟ عطا تارڑ کا مؤقف سامنے آگیا


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت کے فیصلے کو انصاف پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے قیمتی تحائف کی مالیت جان بوجھ کر کم ظاہر کی، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان نے کروڑوں روپے مالیت کے تحائف کم قیمت لگوا کر حاصل کیے، سرکاری واجبات کم ادا کیے اور ریاست کو مالی نقصان پہنچایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سزا کے آغاز سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائی گئی 17 سال قید کی سزا فوری طور پر نافذ نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی یہ سزا 190 ملین پاؤنڈ کیس میں دی گئی 14 سالہ سزا مکمل ہونے کے بعد شروع ہوگی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ قانونی طریقہ کار کے تحت ایک سزا ختم ہونے کے بعد ہی دوسری سزا کا اطلاق ہوتا ہے، لہٰذا 14 سال کی سزا پوری ہونے کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی 17 سالہ سزا کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ پوسٹ