پاک سعودی دفاعی تعلقات میں نیا سنگِ میل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اعلیٰ سعودی اعزاز

IMG 20251222 WA1454


ریاض — خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ سول اعزاز فرسٹ کلاس کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ اعزاز سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ریاض میں ایک خصوصی تقریب کے دوران عطا کیا۔ شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو یہ اعزاز پاک، سعودی دفاعی تعاون کے فروغ اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
قبل ازیں ریاض میں وزارتِ دفاع کے ہیڈکوارٹر آمد پر شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور تینوں مسلح افواج کی قیادت سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ خطے کی سلامتی، دفاعی تعاون اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور بھی زیرِ غور آئے۔
تقریب میں سعودی نائب وزیرِ دفاع شہزادہ عبدالرحمان بن عیاف اور چیف آف جنرل اسٹاف سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔ مبصرین کے مطابق یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دفاعی و اسٹریٹجک شراکت داری کی ایک اور مضبوط علامت ہے۔

متعلقہ پوسٹ