بدلتا عالمی نظام؛ فیلڈ مارشل مؤثر ترین اسٹریٹجک رہنما قرار

IMG 20251223 WA2007


عالمی طاقت کے توازن میں تیز رفتار تبدیلیوں کے تناظر میں پاکستان کی کثیر الجہتی خارجہ پالیسی اور سفارتی حکمتِ عملی کو نمایاں کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانوی جریدے کے مطابق اس حکمتِ عملی کی تشکیل اور مؤثر نفاذ میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کردار کلیدی رہا ہے، جنہیں موجودہ عالمی منظرنامے میں ایک مؤثر اسٹریٹجک رہنما کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے خطے اور عالمی سطح پر بیک وقت کئی محاذوں پر توازن برقرار رکھتے ہوئے شراکت داریوں کو وسعت دی ہے، جس سے اس کی سفارتی گنجائش میں اضافہ ہوا ہے۔ دفاع، معیشت اور سفارت کاری کے باہم ربط نے پالیسی سازی کو زیادہ ہم آہنگ اور نتیجہ خیز بنایا۔
ادھر فنانشل ٹائمز نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی سیاست میں تیز رفتار تبدیلیوں نے “مِڈل پاورز” کے لیے ایک پیچیدہ دور کا آغاز کر دیا ہے، جہاں محدود وسائل کے باوجود مؤثر حکمتِ عملی، اتحاد سازی اور لچکدار سفارت کاری ناگزیر ہو چکی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے ماحول میں وہ ریاستیں بہتر کارکردگی دکھا رہی ہیں جو اسٹریٹجک وضاحت کے ساتھ بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں اسی رجحان کی عکاس ہیں، جہاں کثیر الجہتی روابط، علاقائی استحکام اور عالمی ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوششیں نمایاں دکھائی دیتی ہیں۔

متعلقہ پوسٹ