لاہور: پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی، جہاں ان کے ہمراہ آنے والے سکیورٹی گارڈز اور پنجاب اسمبلی کے سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی اور شدید دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کے دورے کے دوران بڑی تعداد میں افراد ایوان میں داخل ہو گئے، جس کے باعث انتظامی نظم و ضبط متاثر ہوا اور حالات قابو سے باہر ہو گئے۔
پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں اور داخلی راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد دھکم پیل شروع ہو گئی، جس سے ایوان میں کشیدگی پھیل گئی۔ واقعے کے بعد پولیس اور اسمبلی سکیورٹی نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا۔
تاحال واقعے کے حوالے سے کسی گرفتاری یا باضابطہ کارروائی کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

