امریکا میں تاریخ رقم، قرآن پر حلف اٹھا کر زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر بن گئے

FB IMG 1767260092280



امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں تاریخ رقم ہو گئی، جہاں نو منتخب میئر زہران ممدانی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا کر اپنے عہدے کا آغاز کر دیا اور وہ نیویارک کی تاریخ کے پہلے مسلم میئر بن گئے۔ 34 سالہ ڈیموکریٹ رہنما نے یکم جنوری 2026 کو اپنی چار سالہ مدت کا باقاعدہ آغاز کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زہران ممدانی کی حلف برداری کی تقریب آدھی رات کے فوراً بعد سٹی ہال کے نیچے واقع ایک بند سب وے اسٹیشن میں سادگی سے منعقد کی گئی۔ حلف اٹھاتے وقت انہوں نے قرآن پاک کے دو نسخوں پر ہاتھ رکھا، جن میں ایک ان کے دادا کا ذاتی نسخہ جبکہ دوسرا نیویارک پبلک لائبریری کے شومبرگ سینٹر فار ریسرچ ان بلیک کلچر سے لیا گیا تھا۔
حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے زہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے شہریوں کی خدمت کرنا ان کے لیے زندگی کا سب سے بڑا اعزاز اور اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے لیے سادہ مقام کا انتخاب محنت کش طبقے سے یکجہتی اور عوامی ٹرانسپورٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔
اس موقع پر نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے انہیں حلف دلایا جبکہ ان کی اہلیہ راما دواجی بھی تقریب میں موجود تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زہران ممدانی کے والدین، معروف فلم ساز میرا نائر اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر محمود ممدانی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
زہران ممدانی کی باضابطہ اور عوامی حلف برداری کی ایک بڑی تقریب بعد ازاں سٹی ہال کے باہر منعقد کی جائے گی، جس میں سینیٹر برنی سینڈرز اور کانگریس وومن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز سمیت ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ زہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مہنگائی، کرایوں میں اضافے اور شہری سہولتوں کو مرکزی نکات بنایا تھا۔ انہوں نے کرایوں میں اضافے پر پابندی، مفت بس سروس اور بچوں کی نگہداشت کی سہولتوں کی فراہمی جیسے وعدے کیے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ