اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 ٹو میں صبح سویرے ہونے والے خوفناک گیس سلنڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے، مرنے والوں میں نو بیاہتا دولہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔ واقعے نے خوشیوں سے بھرے گھر کو چند لمحوں میں ماتم کدہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ صبح تقریباً 7 بجے شادی والے گھر میں ہوا، جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ اطراف کے تین مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ملبہ دور دور تک جا گرا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے طویل آپریشن کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دولہے کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “صبح سات بجے اچانک زور دار دھماکا ہوا، باہر نکل کر دیکھا تو ہر طرف تباہی ہی تباہی تھی، خوشی کا گھر لمحوں میں اجڑ گیا۔”
انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ گیس سلنڈر لیکیج قرار دی گئی ہے۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا پے

