لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف مرحوم مہتممِ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ لاہور مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر تعزیت کے لیے جامعہ اشرفیہ لاہور پہنچے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے موجودہ مہتممِ اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید سے سابقہ مہتممِ اعلیٰ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی وفات پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ تعزیتی ملاقات میں نائب مہتممِ اعلیٰ حافظ اسد عبید، نائب مہتمم اور مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کے صاحبزادے زبیر حسن، اور ناظمِ اعلیٰ قاری مولانا اویس حسن بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے مرحوم کی بلندیٔ درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی اسلام کے لیے انجام دی گئی گراں قدر خدمات کو رہتی دنیا تک عالمِ اسلام میں عزت و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر وہ ایام بھی یاد کیے جب وہ اپنے والدِ محترم میاں محمد شریف کے ہمراہ طویل عرصے تک جامعہ اشرفیہ لاہور میں باقاعدگی سے نمازِ جمعہ ادا کرتے رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو ہر لحاظ سے قابلِ تحسین و ستائش ہے۔
دورے کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

