وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ملک کو خطے میں آئی ٹی کا مرکز بنانے کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے آئی ٹی کی دنیا کی معروف شخصیت مرحومہ عرفہ کریم رندھاوا کے والدین، ثمینہ امجد اور امجد کریم رندھاوا سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں عرفہ کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تابندہ اسلام بھی شریک تھیں۔ وزیراعظم نے عرفہ کریم کی کم عمری میں آئی ٹی خدمات اور ملک کا نام روشن کرنے پر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا آئی ٹی ٹاور عرفہ کریم کی خدمات کے اعتراف میں ہی ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں میں آئی ٹی انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت رواں برس بھی ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عرفہ کریم فاؤنڈیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومتی سطح پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عرفہ کریم کے والدین نے آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔

