اسلام آباد: آئی فیل فاؤنڈیشن نے راولپنڈی اسلام آباد کے علاقے میں اپنی نوعیت کا منفرد سو فیصد مفت تھیراپی سینٹر اسپتال قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جہاں مستحق افراد کو بغیر کسی امتیاز کے معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
آئی فیل فاؤنڈیشن کے مطابق یہ جدید تھیراپی سینٹر دو سو پچاس بستروں پر مشتمل ہوگا اور اسلام آباد کے قریب چک شہزاد کے علاقے میں قائم کیا جائے گا۔ اسپتال میں جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق مختلف امراض کے علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی، تاکہ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً کمزور اور محروم افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں معروف مخیر حضرات، کارپوریٹ رہنما، طبی ماہرین، سرکاری افسران اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی فیل فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طیبہ صدیقی نے کہا کہ یہ منصوبہ فاؤنڈیشن کے گزشتہ اٹھارہ سالہ عملی سفر کا تسلسل ہے، جس کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات تک معیاری صحت کی سہولیات پہنچانا ہے۔
آئی فیل فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ مہرین اقبال نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبے میں طویل تجربے کے دوران یہ احساس مزید گہرا ہوا کہ صحت کے شعبے میں قابلِ رسائی اور مفت سہولیات کی اشد ضرورت ہے، خاص طور پر اُن طبقات کے لیے جو مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
میٹرکس گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نعیم بزنی نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اسپتال کے قیام کے لیے چالیس کنال زمین فراہم کی گئی ہے، جس پر ایک جدید اور عوامی فلاح کے لیے وقف تھیراپی سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔
آئی فیل فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹریٹیجی احسن طارق نے بتایا کہ اسپتال کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی مرحلے میں پرائمری کیئر اور آؤٹ پیشنٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تقریب میں معروف ماہرِ صحت عامہ آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر اور سابق ڈبلیو ایچ او ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سمن صدیقی نے بھی شرکت کی اور پرائمری اور تھیراپی ہیلتھ کیئر کے مؤثر نظام کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی فیل فاؤنڈیشن نے عوام، اداروں اور فلاحی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منصوبے میں تعاون کریں تاکہ صحت کی مساوی اور معیاری سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔

