پاکستان میں امریکی قائم مقام سفیر (Chargé d’Affaires) نیٹلی اے بیکر نے سیالکوٹ کے دورے کے دوران شہر کی متحرک کاروباری برادری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جو دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی کا باعث بن سکتے ہیں۔


سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کی گہرائی پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم 2025 میں 8 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں امریکی معاشی شراکت داری مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا،
"تجارت میں توسیع ایک مضبوط بنیاد کی عکاس ہے، جو پاکستان اور عالمی سطح پر امریکی معاشی شمولیت کے مثبت نتائج کو اجاگر کرتی ہے۔ امریکا اور پاکستان ایک منصفانہ اور متوازن تجارتی تعلق کو فروغ دے رہے ہیں، جو دونوں اقوام کے لیے خوشحالی کا سبب بنے گا۔”
امریکی قائم مقام سفیر نے بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اہم سرمایہ کار رہا ہے، جو مستقبل میں تجارت کے مزید مواقع فراہم کرتا ہے۔
دورے کے دوران نیٹلی بیکر نے سیالکوٹ کی عالمی شہرت یافتہ اسپورٹس انڈسٹری سے وابستہ اداروں، فارورڈ اسپورٹس، فرسٹ امریکن کارپوریشن لمیٹڈ (FAC) اور سی اے اسپورٹس کا بھی دورہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا معائنہ کیا اور ایئرسیال کی قیادت سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں کے دوران عالمی سپلائی چین، روزگار کے مواقع اور تجارت کے ذریعے معاشی ترقی میں امریکا اور پاکستان کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ امریکی قائم مقام سفیر کے مطابق FAC کی تقریباً 70 فیصد برآمدات امریکا کو جاتی ہیں، جو امریکی منڈیوں اور صارفین کی مضبوط طلب کا ثبوت ہے۔
نیٹلی بیکر نے کہا،
"ہم جدید امریکی ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری صلاحیت پاکستان لانے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور مقامی برادریوں کو فائدہ پہنچے۔”
یہ دورہ امریکا کی جانب سے اعلانِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جسے ماضی کی یاد کے ساتھ ساتھ مستقبل میں جدت، تجارت اور عالمی قیادت کے نئے سفر کا نقطۂ آغاز کہا جا رہا ہے۔ امریکا آئندہ برسوں میں بڑے عالمی اسپورٹس ایونٹس کی میزبانی کے باعث ’امریکن ڈیکیڈ آف اسپورٹس‘ بھی منا رہا ہے، جس کے ذریعے کھیل اور کاروبار کے ذریعے عالمی شراکت داریوں کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔
امریکی قائم مقام سفیر نے مزید کہا،
"امریکا پاکستان اور اس کے عوام میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، اور یہ شراکت داری پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک تجارت، جدت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔”

