قاہرہ (خبررساں ایجنسیاں) مصر کے دارالافتا نے چیٹ جی پی ٹی اور دیگر مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایپلیکیشنز سے قرآن پاک کی تفسیر سمجھنے کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔
دارالافتا کی جانب سے جاری کیے گئے فتوے میں کہا گیا ہے کہ دینی تعلیمات کی صحیح تفہیم کے لیے صرف مستند اور تجربہ کار علماء پر ہی بھروسہ کیا جانا چاہیے۔ فتوے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ AI ایپلیکیشنز پر اعتماد کرنا غلط معلومات پھیلانے اور گمراہ کن فہم پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
دارالافتا نے مسلمانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قرآنی تعلیمات اور اسلامی احکامات کی تفہیم کے لیے روایتی اور مستند ذرائع کا استعمال کریں اور اس سلسلے میں باضابطہ تعلیم یافتہ علماء سے رجوع کریں۔
یہ فتویٰ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ مذہبی سوالات کے جوابات کے لیے بھی AI ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔

