واشنگٹن (اے ایف پی، رائٹرز) امریکہ میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کردیا، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔
واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ شدید برف باری اور بارش جاری ہے۔ برفانی طوفان کے باعث امریکہ بھر میں 19 ہزار پروازیں منسوخ ہوگئیں، واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں۔
آرکنساس سے نیو انگلینڈ تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، شدید خراب موسم کے باعث سڑکیں اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔ پٹسبرگ کے شمالی علاقوں میں 20 انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت منفی 31 ڈگری تک گر گیا۔ کچھ علاقوں میں دہائیوں کی شدید ترین سردی محسوس کی گئی۔
نیویارک سٹی میں 8 افراد کی لاشیں کھلے مقامات سے ملی ہیں۔ نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ 5 افراد ہفتے کے آخر میں باہر منجمد درجہ حرارت میں مردہ پائے گئے۔
ٹیکساس میں حکام نے سلائیڈنگ کے حادثے میں جان گنوانے والی 16 سالہ لڑکی سمیت 3 اموات کی تصدیق کی۔ لوزیانا میں 2 افراد ہائپوتھرمیا سے جان گنوا بیٹھے۔
بارش اور برفانی طوفان کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ 44 ریاستوں کے تقریباً 20 کروڑ افراد کے لیے شدید ترین ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید سردی اور ممکنہ طور پر ایک اور برفانی طوفان مشرقی ساحلی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ یو ایس نیشنل ویدر سروس نے امریکیوں سے کہا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں تک ایسا ہی موسم رہے گا۔

