غزہ (خبررساں ایجنسیاں) اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ادارے (انروا) کے کمشنر جنرل فلپو لازارینی نے کہا ہے کہ غزہ دنیا میں صحافیوں اور امدادی کارکنوں کے لیے سب سے خطرناک مقام ہے۔
لازارینی نے زور دے کر کہا کہ صحافیوں تک "آزاد اور بلا روک ٹوک رسائی” نہ صرف میڈیا کی آزادی کے لیے ضروری ہے بلکہ غلط اطلاعات، پولرائزڈ بیانیوں اور ڈس انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی ضروری ہے۔
مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ ان پابندیوں نے فلسطینیوں کی انسانیت کو بے رنگ کرنے کا باعث بھی بن رہی ہیں، کیونکہ عالمی میڈیا اور تنظیمیں ان تک براہ راست رسائی حاصل نہیں کر پا رہیں، جس سے صورتحال کی حقیقت عالمی سطح پر واضح نہیں ہو رہی ہے۔
لازارینی نے اس پابندی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسے جلد از جلد ختم کرنا ضروری ہے تاکہ عالمی صحافی غزہ میں رپورٹنگ کر سکیں اور صورتحال کی حقیقت دنیا کو بتا سکیں۔
ان کے مطابق زیادہ تر ہلاک ہونے والے صحافی مقامی میڈیا سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے جنگ کے باوجود عوام کے دکھ درد اور انسانی بحران کو رپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی قربانیاں غزہ کی جنگ کی گواہی ہیں اور عالمی برادری کو اس پر غور کرنا چاہیے۔
صحافیوں اور امدادی کارکنوں کے خلاف یہ خطرناک واقعات دوسرے عالمی اداروں اور میڈیا حقوق تنظیموں کی بھی تشویش کا سبب بنے ہیں، جنہوں نے اطلاعات تک رسائی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے عالمی اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

