برسلز (خبررساں ایجنسیاں) یورپی یونین کے سات ممالک میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق، یورپ کے نصف افراد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو "یورپ کا دشمن” سمجھتے ہیں۔
جمعہ کو شائع ہونے والے سروے کے مطابق 51 فیصد افراد ٹرمپ کو "یورپ کا دشمن” قرار دیتے ہیں، جبکہ صرف آٹھ فیصد انہیں "یورپ کا دوست” سمجھتے ہیں۔ یہ رائے فرانس، بلجیم، جرمنی، اٹلی، اسپین، ڈنمارک اور پولینڈ میں ہر ملک سے ایک ہزار سے زائد افراد سے حاصل کی گئی۔
مزید 39 فیصد کا کہنا ہے کہ ٹرمپ "نہ دوست ہیں نہ دشمن۔” یہ رائے شماری 13 سے 19 جنوری کے درمیان کی گئی، جس کے بعد ٹرمپ کی جانب سے ڈنمارک کے خودمختار علاقے گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کی دھمکیوں نے تشویش پیدا کی تھی۔
ڈنمارک کے باشندوں میں ٹرمپ کو "دشمن” سمجھنے والوں کی تعداد خاصی زیادہ تھی، جہاں 58 فیصد افراد نے انہیں یورپ کا دشمن قرار دیا۔
تمام سات ممالک میں مجموعی طور پر 44 فیصد نے کہا کہ ٹرمپ "آمر کی طرح برتاؤ کرتے ہیں”، جبکہ مزید 44 فیصد کا خیال ہے کہ ان میں "آمرانہ رجحانات” پائے جاتے ہیں۔ صرف 10 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ "وہ جمہوری اصولوں کا احترام کرتے ہیں۔”

