راولپنڈی:بیورو رپورٹ 🙂
پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ راولپنڈی سٹی کی سیکرٹری اطلاعات اور سابق رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ ریحان پیرزادہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ 47 ارب روپے کے “نگہبان رمضان پیکیج” کو عوام دوست، تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیکیج مستحق اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے حقیقی معنوں میں بڑا ریلیف ہے۔
اپنے بیان میں لبنیٰ ریحان پیرزادہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس قدر وسیع فلاحی پیکیج کا اعلان حکومتِ پنجاب کی عوام سے سنجیدہ وابستگی اور خدمتِ خلق کے جذبے کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے موجودہ حالات میں غریب اور متوسط طبقے کو سہارا دینا وقت کی اہم ترین ضرورت تھی، جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے بروقت اور مؤثر انداز میں پورا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، جس سے نہ صرف ان کے گھریلو اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ ان کی عزتِ نفس کا تحفظ بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیکیج حکومتِ پنجاب کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانا اور انہیں بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
لبنیٰ ریحان پیرزادہ نے اس اقدام کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مؤثر قیادت، عوامی سوچ اور عملی حکمرانی کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں عوامی فلاح و بہبود کے اس سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ہر سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

