قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، خوارج کے خلاف متحد ہیں: مریم نواز
لاہور – اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی بسنت کی تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ لبرٹی چوک پر منعقد ہونے والا بسنت فیسٹیول بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور خوارج کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کی اور شہدا کے لیے دعائیں مانگیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اس وقت جب ملک دہشت گردی کی زد میں ہے تو کسی بھی قسم کی تقریبات کا انعقاد مناسب نہیں۔ انہوں نے تمام متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد قوم میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، لیکن پاکستانی قوم کبھی دہشت گردی کے آگے نہیں جھکے گی۔
لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

