اے این ایف کی بڑی کارروائی؛ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرونِ ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

IMG 20260211 WA0372


لاہور:
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک نشہ آور ادویات کی بھاری مقدار میں سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں موجود 32 کارٹنز پر مشتمل ایک کھیپ کو تحویل میں لیا گیا، جن میں سے 14 لاکھ 70 ہزار ٹراماڈول گولیاں (وزن 808.5 کلوگرام) اور 57 ہزار 600 ویلیم گولیاں (ڈائزیپام) (وزن 17.280 کلوگرام) برآمد ہوئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ نشہ آور گولیوں کا مجموعی وزن 825.78 کلوگرام ہے اور یہ کھیپ نائیجیریا بھیجنے کے لیے بُک کروائی گئی تھی۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ ادویات تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ پوسٹ