اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل میں 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ نئی قیمتیں آج آدھی رات سے نافذ العمل ہو جائیں گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مزید معاشی بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اس اضافے سے نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ ہوگا جس کا اثر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑے گا۔

