کراچی — سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کا نام دوست محمد ولد گل فراز خان ہے اور اس کا تعلق قبائلی ضلع باجوڑ سے ہے۔ ملزم کے خلاف مالاکنڈ ریجن میں دہشت گردی کی سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں اور وہ کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں میں تھا۔
رینجرز ترجمان نے بتایا کہ ملزم کراچی میں روپوش ہو کر اپنی مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا۔ خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی میں رینجرز کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو بغیر کسی جانی نقصان کے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں اس سے دہشتگرد نیٹ ورک، مالی ذرائع اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کی جائیں گی۔
سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کو جرائم اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری رہیں گے اور کوئی بھی مطلوب ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔

