لکی مروت: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آئی بی او، 4 خارجی دہشتگرد جہنم واصل

IMG 20260219 WA2098


لکی مروت — خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے 4 خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے تمام خارجی متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر بھرپور فائرنگ کی تاہم جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام چاروں دہشتگردوں کو موقع پر ہی ڈھیر کر دیا۔ علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا تاکہ کوئی ملزم فرار نہ ہو سکے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فوجی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس طرح کے آپریشن اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک آخری دہشتگرد کو کیفرکردار تک نہ پہنچا دیا جائے۔

متعلقہ پوسٹ