پاکستانی فضائی حملے: انڈیا کی مذمت، افغانستان کی جوابی کارروائی کی دھمکی

FB IMG 1771832412287 1

پاکستان کی جانب سے افغانستان میں مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں پر کی گئی فضائی کارروائیوں نے خطے میں سفارتی کشیدگی کو ہوا دے دی ہے۔ انڈیا نے ان حملوں کی سخت مذمت کی ہے جبکہ افغان طالبان حکومت نے پاکستان کو بھرپور جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی ہے۔
انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اپنے بیان میں کہا کہ "انڈیا رمضان کے مقدس مہینے میں افغان سرزمین پر پاکستان کے فضائی حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے جن میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی اندرونی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے اور انڈیا افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب افغان طالبان حکومت کی وزارتِ دفاع نے ان حملوں کو افغانستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین اور اسلامی اقدار کے بھی منافی ہیں۔ وزارتِ دفاع نے خبردار کیا کہ ان حملوں کا مناسب وقت پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کا موقف ہے کہ اس کی سیکیورٹی فورسز نے افغان سرزمین پر موجود ان دہشت گرد عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ تاہم افغانستان اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دے رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی اور باہمی الزامات کا سلسلہ پہلے سے جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا کا اس موقع پر پاکستان مخالف بیان خطے کی سفارتی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔

متعلقہ پوسٹ