کراچی — صوبائی حکومت نے کراچی ائیرپورٹ پر سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پک اینڈ ڈراپ کے موقع پر مسافر کے ساتھ 2 سے زائد افراد کے آنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
صوبائی وزیرِ داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ائیرپورٹ پر حد سے زیادہ رش سکیورٹی کے لیے سنگین چیلنج بنتا جا رہا ہے، اس لیے ناگزیر ہے کہ غیر ضروری افراد کی آمد کو محدود کیا جائے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں جیلوں میں سکیورٹی بہتر بنانے کے معاملے پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام جیلوں میں "تلاش ایپ” ڈیوائس کی دستیابی فوری طور پر یقینی بنائی جائے تاکہ قیدیوں کی نگرانی اور تلاشی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات سندھ میں سکیورٹی کے مجموعی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔ ائیرپورٹ انتظامیہ کو نئی پابندی پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

