عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی نسیم بلوچ کے ہمراہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس ختم کرنے کا مطالبہ، نیا تنازع کھڑا

IMG 20260326 WA1986


جنیوا/اسلام آباد (26 مارچ 2026): سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سائیڈ ایونٹ میں بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کے رہنما ڈاکٹر نسیم بلوچ کے ساتھ بیٹھ کر پاکستان کے خلاف ایک متنازع بیان دیا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس (GSP+) اسٹیٹس انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے پیش نظر ختم کر دیا جائے۔
قاسم خان نے اپنے والد عمران خان کی اڈیالہ جیل میں قید کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مثال قرار دیتے ہوئے یہ مطالبہ پیش کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں قاسم خان کو ڈاکٹر نسیم بلوچ کے قریب بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ نسیم بلوچ کو پاکستان میں علیحدگی پسند تحریکوں سے منسلک سمجھا جاتا ہے اور ان پر پاکستان مخالف سرگرمیوں کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اسے پاکستان مخالف لابنگ قرار دیا ہے۔ سیاسی اور عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، کہا گیا کہ جی ایس پی پلس کا خاتمہ پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات (اربوں یورو کی مالیت) کو شدید نقصان پہنچائے گا، لاکھوں ملازمتیں متاثر ہوں گی اور معاشی تخریب کاری کے مترادف ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی مفادات کے خلاف ہے۔ کچھ ناقدین نے اسے "باہر بیٹھ کر پاکستان کا امیج خراب کرنے” کی کوشش قرار دیا۔ پی ٹی آئی کے حامیوں نے اسے عمران خان کی رہائی کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کی کوشش قرار دیا، جبکہ مخالفین نے اسے علیحدگی پسندوں کے ساتھ مل کر قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔
اب تک عمران خان یا پی ٹی آئی کی طرف سے اس معاملے پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ واقعہ جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق اجلاس کے دوران پیش آیا۔

متعلقہ پوسٹ