کراچی میں فائر سیفٹی کریک ڈاؤن: ہاشو سینٹر کی 200 دکانیں، موبائل مارکیٹ اور طارق روڈ کا کمرشل پلازا سیل

IMG 20260401 WA1961


کراچی (1 اپریل 2026): ضلعی انتظامیہ نے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے۔ اس دوران صدر کے مصروف ترین تجارتی مرکز ہاشو سینٹر میں 200 دکانیں، ایک موبائل مارکیٹ اور طارق روڈ پر ایک کمرشل پلازا سمیت متعدد جگہوں کو سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر غضنفر پرداخ نے ہاشو سینٹر میں فائر سیفٹی اقدامات نہ کرنے پر 200 دکانیں سیل کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی عون عباس نے ایک موبائل مارکیٹ کو سیل کیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد جویریہ اشرف نے طارق روڈ پر واقع کمرشل پلازا کو سیل کر دیا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی کے بنیادی تقاضوں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کی ہے کہ تنبیہ کے باوجود سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی تمام دکانوں اور کمرشل عمارتوں کو سیل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن شہر بھر میں جاری رہے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ آگ لگنے کے واقعے میں انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

متعلقہ پوسٹ