ایم ڈی کیٹ کے شیڈول میں بڑی تبدیلی، اب انٹرمیڈیٹ نتائج کے صرف 6 دن بعد ہوگا امتحان

IMG 20260401 WA1958


اسلام آباد (1 اپریل 2026): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے عمل میں بڑی پالیسی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ اب ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کا امتحان انٹرمیڈیٹ (ایف ایس سی) کے نتائج کے اعلان کے محض 6 دن بعد ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے یہ فیصلہ منظور کر لیا ہے۔ یہ نئی پالیسی اگلے انٹرمیڈیٹ نتائج سے نافذ العمل ہو گی۔
اس تبدیلی کا مقصد طلباء کو مہنگی پرائیویٹ اکیڈمیز اور کوچنگ مراکز پر انحصار سے نجات دلانا ہے۔ فی الحال ایف ایس سی نتائج اور ایم ڈی کیٹ کے درمیان 4 سے 6 ماہ کا طویل وقفہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے طلباء کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ امیر طلباء مہنگی تیاری کر لیتے ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ نئے شیڈول سے طلباء اور والدین کو کروڑوں روپے کی بچت ہو گی اور طلباء کو ایف ایس سی کے بعد دو بار الگ الگ تیاری کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم کی ہدایات پر کیا گیا ہے تاکہ میڈیکل داخلے کا عمل زیادہ شفاف، تیز اور سب کے لیے یکساں مواقع فراہم کرے۔

متعلقہ پوسٹ