اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے انسداد کے لیے اسلام آباد پولیس نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 13 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا، جن میں سنگین مقدمات میں مطلوب 5 اشتہاری بھی شامل ہیں۔


پولیس کے مطابق مختلف تھانوں—مارگلہ، گولڑہ، شمس کالونی، کھنہ اور لوہی بھیر—میں کارروائیوں کے دوران 343 گرام آئس، 36 بوتل شراب اور 4 پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر جاری خصوصی مہم کے تحت مفرور ملزمان کی گرفتاری اور جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں انسپکٹر اجمل نواز اور کانسٹیبل محمد شفیق کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈز اور تحائف پیش کیے۔


مزید برآں، آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاسوں میں سیکیورٹی، وی وی آئی پی پروٹیکشن، پٹرولنگ نظام اور فوری رسپانس میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سیکیورٹی انتظامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ “امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔”

