محترمہ بینظیر بھٹو شہید جمہوریت کی آبیاری کے لیے جان کی قربانی دینے والی عظیم رہنما تھیں: اسلم نادر سلہری
مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-35 جموں-2 سے امیدوار اسلم نادر سلہری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی باہمت، باوقار اور عظیم خواتین نے ہمیشہ ملکی تعمیروترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرآباد میں پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری شگفتہ نورین کاظمی کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مسرت شیخ بھی موجود تھیں۔
اسلم نادر سلہری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواتین نے آمریت کے سیاہ ادوار میں جس جرات، استقامت اور مردانہ وار جدوجہد کا مظاہرہ کیا وہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ ان خواتین نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ظلم، جبر، قید و بند اور ہر طرح کی قربانی کو خندہ پیشانی سے قبول کیا اور یہی قربانیاں آج ہماری سیاسی جدوجہد کا سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ غریبوں، محنت کشوں، پسماندہ طبقات اور مظلوم عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ اس جماعت کو مضبوط بنانے میں خواتین کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ آج بھی پارٹی کی خواتین کارکنان اپنے جذبہ خدمت، وفاداری اور نظریاتی وابستگی کے ذریعے پیپلز پارٹی کے پرچم کو سربلند رکھے ہوئے ہیں۔
اسلم نادر سلہری نے زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرہ اسی وقت وجود میں آ سکتا ہے جب خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی عزت و وقار کی بحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
پیپلز پارٹی کی نڈر اور باوقار خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ عظیم خواتین ہیں جنہوں نے آمریت کے اندھیروں میں بھی امید کے چراغ جلائے رکھے اور جمہوریت کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔
انہوں نے شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک رہنما نہیں بلکہ ایک عہد، ایک نظریہ اور ایک لازوال جدوجہد کا نام ہیں۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر جمہوریت کی آبیاری کی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ حق اور سچ کی راہ میں قربانی ہی اصل کامیابی ہے۔ ان کی جرات، بصیرت اور عوام سے محبت آج بھی پیپلز پارٹی کی خواتین کے دلوں میں زندہ ہے اور وہ اسی مشن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہیں۔
اسلم نادر سلہری نے یقین کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی خواتین کی یہ جدوجہد، قربانیاں اور عوامی خدمت کا جذبہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرے گا اور ایک بار پھر عوامی راج قائم ہو کر ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے گا۔

