اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد عرفان نواز میمن نے 9 اور 10 اپریل 2026 بروز جمعرات اور جمعہ کو وفاقی دارالحکومت کی ریونیو حدود میں مقامی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیل اسلام آباد کی انتظامی حدود میں مکمل طور پر نافذالعمل ہوگی، تاہم ضروری عوامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے اس سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
مستثنیٰ اداروں میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI)، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA)، آئی سی ٹی انتظامیہ، پولیس، آئیسکو (IESCO)، سوئی ناردرن گیس (SNGPL) اور تمام سرکاری و نجی ہسپتال شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کی کاپیاں وزارت داخلہ، چیف کمشنر آفس، انسپکٹر جنرل پولیس اور چیئرمین سی ڈی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ عوامی آگاہی کے لیے یہ اعلان الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھی نشر کیا جائے گا۔

